لکھنو،8؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) دیوریا میں گرلز شیلٹر ہاوس میں مقامی انتظامیہ کی چوک کا اعتراف کرتے ہوئے اترپردیش کی خواتین اور اطفال کی فلاح و بہبود کی وزیر ریتا بہوگنا جوشی نے منگل کو الزام لگایا کہ شیلٹر ہاوسوں میں بے ضابطگیوں کے لئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی گزشتہ حکومتیں کافی حد تک ذمہ دار ہیں۔
محترمہ جوشی نے منگل کو یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ 2017میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ریاست میں پھیلے غیرسرکاری اداروں کے ذریعہ غیر قانونی طریقہ سے چل رہے شیلٹر ہاوسوں کی تسلیم شدہ حیثیت ختم کرنے کا کام شروع کیا گیا۔ ان شیلٹر ہاوسوں کو ایس پی اور بی ایس پی کی حکومتوں کے وقت تسلیم شدہ حیثیت دی گئی تھی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں اطفال فلاح و بہبود کمیٹیاں ایس پی کی دیکھ بھال میں ہیں۔ اس لحاظ سے شیلٹر ہاوسوں میں ہونے والی سرگرمیوں کی جانچ کرنے کا انہیں پورا اختیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس گرلز شیلٹر ہاوس کی جانچ چل رہی ہے۔ اسے 2010 میں اس وقت کی بی ایس پی حکومت نے تسلیم شدہ حیثیت دی تھی اور 2010سے 2017 کے درمیان اس گرلز شیلٹر ہاوس کو تمام سہولیات دی گئی تھیں۔
محترمہ جوشی نے کہاکہ دیوریا میں اطفال فلاح و بہبود کمیٹی کی ایک رکن پرتبھا شریواستو ایک وقت میں غیر سرکاری تنظیم ماں ودیہ واسنی کی سرگرم رکن تھیں۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے اراکین کی تقرری الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم سے ایس پی حکومت کے دوراقتدار میں کی گئی تھی حالانکہ غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ایسے 70اراکین کے خلاف یوگی حکومت نے کارروائی شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اطفال فلاح وبہبود کمیٹیوں کے اراکین مہینہ میں کم از کم 20مرتبہ شیلٹر ہاوس کا جائزہ لیتے ہیں ا ور اس کے عوض انہیں ہرمرتبہ 1500روپے کی ادائیگی دی جاتی ہے۔
وزیر نے کہاکہ دیوریا معاملہ پر ایس پی کو تحریک چلانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ پورے معاملہ کی جڑ وہی ہے جس کو درست کرنے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ گرلز شیلٹر ہاوس میں ملی20 لڑکیوں میں سے 10بالغ پائی گئیں جبکہ طبی جانچ میں ان میں سے کچھ کے ساتھ جنسی استحصال کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس معاملہ میں دیوریا پولیس اور دیگر حکام کے کردار کی جانچ کے لئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جن میں خواتین اور اطفال کی فلاح وبہبود محکمہ کی ایڈیشنل چیف سکریٹری رینوکا کمار اوراے ڈی جی خواتین سیکورٹی انجو گپتا شامل ہیں۔